معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسین دین کی سرفرازی کیلئے باطل کے سامنے ڈٹ گئے تھے، انہوں نے اسلام کے روشن اور سنہری اصولوں پر سمجھوتہ قبول نہ کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ یوم عاشور کا عظیم درس یہ ہے کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے، حق سچ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک وہ یوم عاشور تھا جس دن نواسہ رسول دین کی سربلندی کیلئے سربکف تھے، آج ایک کرب و بلا کشمیر میں بپا ہے، اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت اور جنت نظیر کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔ کربلا کا سبق ہے”ظلم پھر ظلم ہے, بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم اسوہء شبیری پر عمل پیرا ہے، مظلوم کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں، کشمیریوں کے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی۔