امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے، وہ جلد ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے امریکی صدر سے کھل کر کشمیر کے ایشو پر بات چیت کی ہے اور آگاہ کیا ہے کہ بھارتی فوج کے کرفیو کے باعث اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افراد محصور ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنا موقف صاف صاف بیان کیا ہے وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے، سفارتکاری کوشش کا نام ہے، بھارت امریکہ کو دکھا رہا ہے کہ کشمیر کوئی مسئلہ نہیں جبکہ پاکستان دکھا رہا ہے کہ یہ معاملہ بہت اہم ہے اور مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو آگاہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی کسی چیز کی آزادی نہیں ہے، انکے تمام حقوق سلب کئے جا چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا وہ ایران کے معاملے پر بات کرنے کو تیار ہیں جس پر صدر ٹرمپ نے کہا بالکل اگر آپ بات بڑھانا چاہتے ہیں توبڑھائیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان جلد ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہو سکتا ہے امریکی صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان ملاقات کی ایک اور نشست ہو جائے۔