وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان اور زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ملیحہ لودھی اور نعیم الحق سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

ملاقات میں افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات سے متعلق بھی پیغام پہنچایا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج کل امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن میں خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خطاب میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔