وزیراعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سعودی قیادت سے کشمیرمیں بگڑتی صورتحال پرتبادلہ خیال کریں گے

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم 19 اور 20 ستمبرکوسعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ وہ اقوام متحدہ کے 74 ویں اجلاس سے قبل دورۂ سعودی عرب کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے کشمیرمیں بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور 5 اگست کے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پرگفتگو ہو گی۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مذید فروغ ملا ہے ،وزیراعظم سعودی عرب کے دورے میں باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کریں گے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد اور گرمجوشی پر مبنی ہیں۔