پاکستان کے نامور ٹی وی اداکار عابد علی شدید علالت کے بعد 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

عابد علی گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں جگر کے عارضے کے باعث زیر علاج تھے جو آج خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ان کی صاحبزادی راہمہ علی نےسوشل میڈیا پر یہ انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے عابد علی کی زندگی کے حوالے سے جواب دے دیا ہے اور ان کی صحت یابی کو تقریباََ ناممکن قرار دیا ہے۔

راہمہ علی نے عوام سے عابد علی کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی تھی، انکا کہنا تھا کہ اللہ پاک کسی کی بھی دعا قبول کر سکتا ہے اور انکے والد کو صحتیاب کر سکتا ہے۔

گزشتہ روز بھی عابد علی کے انتقال کی افواہیں سامنے آئی تھیں جنکی تردید انکی چھوٹی بیٹی راہمہ علی نے کی لیکن اب ان کی اہلیہ اداکارہ رابعہ عابد نے تصدیق کی ہے کہ عابد علی اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں۔