راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے پانچ ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

عاشورہ محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا۔ امام بارگاہ بلتستانیہ اصفر مال، شاہ چن چراغ اور شہر کے دیگر علاقوں سے نکلنے والے علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیئے کے مختلف جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔

جلوس کی نگرانی کے لئے پانچ ہزار سکیورٹی اہلکار مامورہیں جن میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے ہوئے ہیں۔

جلوس کے روٹ سے ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ روٹ کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ اونچی عمارتوں پر رینجرز اور پولیس کے ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔

جلوس کے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کر دیا گیا جبکہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔

سی پی او فیصل رانا نے ایس پیز کے ہمراہ جلوس کے روٹ کا معاٸنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔