پاکستان نے افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی جلد از جلد بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ترجمان دفترخارجہ کہتے ہیں کہ تمام فریقین کو تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے

دفترخارجہ سے جاری اعلامئے کے مطابق پاکستان نے امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کے تعطل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات میں شامل فریقین کو تحمل سے کام لینا چاہئے کوینکہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ پرتشدد کاروائیوں کی حوصلہ شکنی اور مذمت کی ہے اور ہر بار مذاکرات کے تمام فریقین پر تحمل سے بات چیت کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ پاکستان نے مخلصانہ طور پر مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان حالیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، دونوں فریق صبرو تحمل اور مخلصانہ طریقے سے امن عمل کو آگے بڑھائیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل سیاسی ہے تمام فریقین جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آکر افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کریں