کولمبو میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیاء کپ کے میچ میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت نے شکست دے دی۔

بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم نے ارجن آزاد اور تلک ورما کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔ ارجن آزاد نے 121 اور تلک ورما نے 110 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد عباس آفریدی نے تین تین کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، کپتان روحیل نذیر اور حارث خان نے مزاحمت کی تاہم وہ ٹیم کو روایتی حریف کے خلاف فتح نہ دلاسکے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان روحیل نذیر 117 اور حارث خان 43 رنز بناکر نمایاں رہے

پاکستانی ٹیم 47 ویں اوور میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، گرین شرٹس کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے، پاکستان ٹیم کے کپتان روحیل نذیر 117 اور حارث خان 43 رنز بناکر نمایاں رہے، بھارت کی جانب سے ونود انکولیکار نے 3، مشرا اور پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل قومی ٹیم افغانستان سے بھی ہار چکی ہے

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے دنیائے کرکٹ کے عظیم اسپن بولر عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔