وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب بین الاقوامی سطح کے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت دوران ڈرائیونگ سگریٹ نوشی کرنے پر بھی چالان ہو گا۔

اسلام آباد۔ کی حدود میں جس لائسنس یافتہ ڈرائیور کا چالان تین بار ہوگا اسکی سزا لائسنس معطلی ہوگی۔

نئے قوانین کے مطابق فرنٹ سیٹ پر دونوں اطراف بیٹھے افراد کا سینٹ بیلٹ باندھنا لازم ہوگا جبکہ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔

نئے ٹریفک قوانین کا اطلاق ٹریفک پولیس پر بھی کیا جائے گا جسکے مطابق اسلام آباد کی حدود میں بلاوجہ ٹریفک جام پر ایس پی اور ڈیوٹی آفیسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

نئے قوانین کے اطلاق کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری ون اور ٹو چیف کمشنر اور آئی جی سے میٹینگ کریں۔

پالیسی پر عملدرآمد ایک ہفتے کے اندر شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ قوانین کے باقاعدہ اطلاق کے لئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے۔

اجلاس میں عام عوام کے لئے نئے قوانین سے آگاہی کے لئے سوشل میڈیا پر بھی مہم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔