وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی، ماضی کے مقابلے میں نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو با اختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا بلکہ ان فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے جہاں عوام کو اہل اور قابل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وہاں سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اخیتار منتخب نمائندگان بلا رکاوٹ اپنی بھرپور توانائیاں اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے میں صرف کر سکیں گے۔

اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، ممبرقومی اسمبلی اسد عمر، صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، شہرام خان تراکئی اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔