ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائمخانی کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

لیاقت علی قائمخانی جعلی اکاونٹس کیس کے نامزد ملزم ہیں انہیں آج احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش کیا گیا جہاں جج کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ وہ لیاقت علی قائمخانی ہیں۔

نیب حکام کی جانب سے عدالت میں بتایا گیا کہ لیاقت قائمخانی نے بطور ڈی جی پارکس غیر قانونی الاٹمنٹ کیں، غیر قانونی طور پر باغ ابن قاسم کی زمین گلیکسی انٹرنیشنل کو دی گئی، غیر قانونی طور پر اس زمین کو باغ کے ریکاڑد سے بھی باہر کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ لیاقت قائمخانی کے گھر سے خزانہ بھی ملا ہے، لیاقت قائمخانی کے پاس یہ مال کہاں سے آیا پتہ کرنا ہے، خزانے کی منی ٹریل بھی معلوم کرنی ہے لہذا ملزم کا 14 روزہ جسمانی دیا جائے۔

اس پر لیاقت قائمخانی نے عدالت کو بتایا کہ وہ شوگر کے مریض ہیں، پرہیزی کھانا کھاتے ہیں اور انسولین لیتے ہیں، انہوں نے کسی بھی زمین کی الاٹمنٹ پر کوئی دستخط نہیں کئے، اگر ایک دستخط بھی ثابت ہو جائے تو انہیں پھانسی پر چڑھا دیں۔

نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہوں نے باغ ابن قاسم کی سٹیلائیٹ تصاویر بھی لی ہیں ملزم کی جانب سے جان بوجھ کر باغ کا یہ ایریا 2005 میں چھوڑ دیا تھا۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے لیاقت قائمخانی کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا اور حکم دیا کہ انہیں اپنے سگے بھائیوں سے ملنے دیا جائے۔