پاکستان کی تین مرتبہ خاتون اول رہنے والی، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نواز کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔

کلثوم نواز گزشتہ سال 11 ستمبر کو لندن کے ہسپتال میں کینسر کے موزی مرض سے لڑنے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے 29 مارچ 1950ء کو لاہور میں ڈاکٹر محمد حفیظ کے گھر پیدا ہوئیں وہ رستم زمان گاماں پہلوان کی نواسی تھیں۔

فائل فوٹو: بیگم کلثوم نواز کی اپنے شوہر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ساتھ فوٹو

کلثوم نواز کے شوہر میاں نواز شریف 2 بار پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور 3 مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم بنے، شعر و شاعری اور ادب سے شغف رکھنے والی گھریلو خاتون بیگم کلثوم نواز اس وقت ایک مضبوط اعصاب کی حامل سیاستدان کے طور پر سامنے آئیں۔

جنرل مشرف نے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں قید کیا تو کلثوم نواز نے بطور صدر پاکستان مسلم لیگ ن اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ انہوں نے ملک بھر میں جمہوریت کے لئے تحریک چلائی اور کئی جغادری رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیا، بعد میں وہ نواز شریف کے ساتھ ہی سعودی عرب جلاوطن ہو گئیں۔

وطن واپسی پر نواز شریف 2013 کے عام انتخابات میں پھر سے ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے تو کلثوم نواز نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی۔

دو سال قبل کلثوم نواز کو گلے کا کینسر ہو گیا، وہ لندن میں زیر علاج تھیں۔ اسی دوران نواز شریف کو جب عدالت عظمٰی کی جانب سے نااہل کیا گیا تو وہ پہلی مرتبہ 17 ستمبر 2017 کو لاہور کے حلقہ این اے 120 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئیں لیکن صحت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے انہیں وطن آنا اور پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف اٹھانا نصیب نہ ہو سکا۔

بیگم کلثوم نواز لندن میں علاج کے دوران ہی 11 ستمبر 2018 کو وفات پا گئیں۔