ضلع چکوال میں یکجہتی کشمیر ریلی

وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے کشمیر آور کا اہتمام کیا گیا جہاں کلمہ چوک میں 12 بجے سے 12:30 بجے تک ٹریفک روک دی گئی۔ سائرن بجائے گئے قومی ترانہ کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا گیا۔

چکوال سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سردار ذوالفقار علی دلہہ، فوزیہ بہرام، سردار آفتاب اکبر، آسیہ امجد کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ڈپٹی کمشنر چکوال عبدالستار عیسانی اور ڈی پی او چکوال عادل میمن سمیت ضلعی افسران و اہلکاران کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے افراد کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا کہ کشمیر سے ہمارارشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے ۔ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہو تو محمد عربیﷺ کے غلام اس کی مد د کو پہنچتے ہیں۔ 22 کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کئے لئے تیار ہے۔ ایم این اے فوزیہ بہرام نے کہا کہ مودی کو اقوام عالم کے سامنے کشمیروں پر مظالم کا جواب دہ ہونا پڑے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

ریلی کے شرکا مظلوم کشمیریوں کیلئے دعا مانگ رہے ہیں

ایم پی اے سراد آفتاب اکبر اور آسیہ امجد کا کہنا تھا کہ اہل پاکستان اور ضلع چکوال کے بہادر سپوت کشمیریوں کے ساتھ شانہ باشانہ کھڑے ہیں۔ ہم سب کشمیر کی آذادی کے لئے پاک فوج کے ساتھ اول دستے کے طور پر آگے آگے ہوں گے۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہندووں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔

ریلی کے شرکا نے بینرز، جھنڈے اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے

 

ضلع چکوال میں عوام کی ایک کثیر تعداد کا کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا منظر