جماعت اسلامی نے حکومت کی طرف سے کچھ صنعت کاروں کو 208 ارب روپے کے واجبات کی معافی کے خلاف قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے وی آئی پیز کو بڑی رقم کی معافی کے اقدام پر افسوس ہوا ہے، اس ملک میں امرا کے لئے 208 ارب روپے کی معافی دے دی جاتی ہے جبکہ غریب کو دو روپے بھی معاف نہیں کئے جاتے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اپنی سابقہ کئی تقاریر موجود ہیں جس میں ایسے کسی بھی اقدام پر انکا کہنا تھا کہ یہ پیسہ کسی کے باپ کا نہیں تو پھر اب قوم ان سے بھی یہ سوال کرتی ہے کہ یہ پیسہ انکا نہیں بلکہ غریب کسانوں، دہقانوں اور عام لوگوں کا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت میں آنے سے پہلے عمران خان نے جو وعدے اور اعلانات کئے تھے ایک ایک کر کے سب سے واپس ہو رہے ہیں، حکومت ہر معاملے میں یوٹرن لیکر اپنے ہی کئے اعلانات کی نفی کر رہی ہے۔