پاکستان کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو جتنی سپورٹ چاہئے ہو وہ دیں گے، ہمارا مقصد ٹیم کو اوپر لیکر جانا ہے۔

وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم کی بالنگ بہتر سے بہتر ہو اور وہ ٹیم کو اوپر لیکر جائیں۔ مصباح کو جتنی سپورٹ چاہئے میں دوں گا۔

وقار یونس نے کہا کہ سرفراز احمد تجربہ کار کھلاڑی ہیں ٹیم کو انکی ضرورت ہے، کپتان کے بارے فیصلہ کرنا چئیرمین کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔ نوجوان بالروں میں بھرپور ٹیلنٹ ہے، نسیم شاہ باصلاحیت ہیں اور محمد حسنین بھی بہت جلد ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنا خوشی کی بات ہے، اس سے ہی ہمارے گراونڈ پھر سے آباد ہونگے، سری لنکن ٹیم باصلاحیت ہے، کسی کو کمزور یا ریلو کٹا کہنا درست نہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ سابق کوچ اظہر محمود نے بھی بہت اچھا کام کیا ہے ان کے ساتھ کام کا بھی مزہ آیا اور اب بھی ایک نیا آغاز ہے، مجھے اپنا رول معلوم ہے اور ہم ملکر کام کریں گے۔

عمر اکمل اور احمد شہزاد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ان دونوں کو کھیل سے دور رکھا جائے۔ کسی بھی کھلاڑی کا کسی بھی فارمیٹ کو چھوڑنا اسکا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے۔