غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق بہاماس میں سمندری طوفان سے مکانات ڈوب چکے ہیں، مواصلاتی نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

طوفان سے بہاماس کے متعدد جزیروں کو انتہائی نقصان پہنچا ہے، بندرگاہوں کے قریبی علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ سیلابی پانی میں زیرِ آب آگئی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے کیونکہ طوفان سیلاب کی صورت اختیار کررہا ہے جب کہ طوفانی ہوائیں مزید شدت اختیار کریں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ہواؤں کی رفتار 200 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ طوفان کے باعث لہروں کے 18 سے 23 فٹ تک بلند ہونے کے امکانات ہیں جو مزید تباہی کا سبب بن سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کٹیگری پانچ کا یہ سمندری طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہاہے جو امریکا کے مشرقی ساحلی حصے سے ٹکرا سکتا ہے، طوفان کے پیش نظر امریکا ریاستوں فلوریڈا، جارجیا اور شمالی و جنوبی کیرولینا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

طوفان کے باعث امریکا کے 700 جزیروں پر بجلی اور انٹرنیٹ کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

حکومت نے طوفان کے باعث 14 پناہ گاہیں کھول دی ہیں جبکہ جزیرے پر طوفان کے جاری رہنے کے امکانات ظاہر کیے ہیں جس کے بعد طوفان ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل کی جانب بڑھے گا۔