سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت سب کو گرفتار کرنا چاہتی ہے تو بھی وہ اپنا شوق پورا کر لے۔

وہ احتساب عدالت میں پیش کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگو کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی گرفتار کرنا چاہتی ہے، وہ کر لے جو اسے کرنا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ حکومت سب کو گرفتار کرنا چاہتی ہے تو اپنا شوق پورا کر لے، ہم پروڈکشن آرڈر بھی نہیں مانگیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے کئے گئے سوال پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں تو جیل میں ہوں مجھے کچھ معلوم نہیں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری نے کرنا ہے۔

موسم سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ آج کل راولپنڈی میں بہت بارشیں ہو رہی ہیں ، پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔

جب ان سے ضمانت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں ضمانت کا شوق نہیں ہے، سکون سے بیٹھے ہیں حکومت اپنے سارے شوق پورے کر لے۔