انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے جنرل منیجر جیف ایلاڈائز پاکستان کی دعوت پر پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل دیکھنے کراچی آرہے ہیں۔

آئی سی سی جنرل منیجر جمعرات کی صبح میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائرز کے ساتھ کراچی آئیں گے جبکہ اس سے قبل سیکیورٹی کنسلٹنٹ شان نورس اور ایڈوانس ٹیم کے ایک رکن منگل کو کراچی پہنچ رہے ہیں جو امپائروں اور میچ ریفری کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کے پروگرام میں تبدیلی کردی ہے۔ مہمان ٹیم منگل کی شب کراچی پہنچ رہی ہے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کی شب کراچی پہنچ گئی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سیکیورٹی ایجنسیوں نے سنبھال لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں ٹیموں کی پریکٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے جسکے مطابق دوپہر 2 بجے سری لنکا کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ پریکٹس سیشن سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔ اسی طرح شام 6 بجے پاکستان کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ پریکٹس سیشن سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے ٹرافی کے ہمراہ پری سیریز فوٹو سیشن میں شرکت کریں گے۔ فوٹو سیشن کے بعد تھریمانے پری سیریز پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔