شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں پاک فوج کے چار جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری اعلامئے کے مطابق پہلا واقعہ شمالی وزیرستان میں اباخیل اور اسپین وام کے قریب پیش آیا جہاں شر پسندوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی اختر حسین شہید ہو گیا ہے۔

شہید ہونے والے سپاہی اختر حسین کا تعلق ضلع بلتستان سے ہے اور انکی عمر 23 سال تھی۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کاروائی کرتے ہوئے دو شرپسندوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامئے کے مطابق فائرنگ کا دوسرا واقعہ پاک افغان سرحد پر پیش آیا ہے جہاں فوجی جوان بارڈر پر خاردار باڑ لگانے میں مصروف تھے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ ایک زخمی ہے۔

باڑ لگانے میں مصروف شہید جوانوں میں لانس نائیک سید امید آفریدی ہیں جنکی عمر 28 سال ہے جبکہ 31 سالہ لانس نائیک محمد شعیب اور 22 سالہ سپاہی کاشف علی بھی دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک سید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر، لانس نائیک محمد شعیب سواتی کا تعلق ضلع مانسہرہ اور سپاہی کاشف علی شہید کا تعلق ضلع نوشہرہ سے تھا۔