پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری اعلامئے کے مطابق پاک فوج میں اعلی سطحی تبادلے کئے گئے ہیں۔

موجودہ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چئیرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں جبکہ ان کی جگہ گزشتہ روز ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نئے کور کمانڈر راولپنڈی ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق نئے ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل خالد ضیا کو انسپکٹر جنرل آرمز اورلیفٹننٹ جنرل محمد چراغ حیدر کو ڈی جی جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔

گزشتہ روز ترقی پانے والے نئے لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا گیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ اس سے قبل یہ ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔