راولپنڈی میں تاحال ڈینگی مچھر قابو سے باہر، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 155 شہری ڈینگی بخار کا شکار ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔

حکومتی و انتظامی دعووں اور ڈینگی مچھروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے، تاحال ڈینگی کا پلڑہ بھاری نظر آ رہا ہے جیسے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کا شکار ہونے والے شہریوں میں پھر ایک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رواں سیزن میں راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1500 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مریضوں کی زیادہ تر تعداد ہولی فیملی، بینظیر ہسپتال اور ڈی ایچ کیو لائی جا رہی ہے۔

ڈینگی سے متاثرہونے والے شہریوں میں 30 فیصد کا تعلق راولپنڈی کے جڑواں شہر اسلام آباد سے ہے۔ راولپنڈی سے متاثرہ مریضوں کی زیادہ تعداد نواحی علاقوں ڈھوک منشی، کوٹ جبی کے علاقوں سے ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں محکمہ صحت کی غفلت اور لاپرواہی عروج پہ ہے، کوئی ٹیم سپرے کے لئے نہیں آتی۔ ڈینگی لاروا کی بھرپور افزائش کے باعث یہ علاقے شدید متاثر ہیں۔