وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی شہباز گل جنہوں نے گزشتہ دنوں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، ان کے عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

شہباز گل نے کس کے کہنے پہ استعفٰی دیا اور کیوں اپنے عہدے سے ہٹ گئے، اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بتا دیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے مانچسٹر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتا دیا کہ شہباز گل کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہٹایا ہے کیونکہ انہیں شہباز گل سےکچھ تحفظات تھے۔

جب شہباز گل کے مستقبل کے حوالےسے نعیم الحق سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اب شہباز گل کو وفاق میں اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

حزب اختلاف کی جماعتوں کے حکومت مخالف احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نعیم الحق کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا بینادی حق ہے اور ہم یہ حق نہیں چھینیں گے، لیکن اگر قانون توڑنے کی کوشش کی گئی تو حکومت اس پر قانون کے مطابق اقدام اٹھائے گی۔

واضح رہے کہ تین روز قبل حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے مشیر اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔