آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ کا سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ، آرمی چیف نے امن کیلئے فوج اورقانون نافذ کرنے والےاداروں کی کوششوں کوسراہا، سپہہ سالار نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ملک کو درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لئے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرزکوئٹہ کا دورہ کیا ہے جہاں آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف نے بلوچستان میں منصوبوں کی تکمیل کے لئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور صوبے میں قیام امن کے لئے کوششوں پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے ہمراہ کوئٹہ میں نسٹ یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا بھی افتتاح کیا جس کا اعلان انہوں نے جنوری 2017 میں کیا تھا۔

آرمی چیف نے بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ آنے والے وقت میں مختلف شعبوں میں مواقعوں کا فائدہ اٹھائیں گے۔ نوجوان نسل کو قومی یکجہتی کے ساتھ درست سمت میں آگے بڑھنا ہو گا۔

سپہ سالار نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ملک کو درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لئے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ انہوں نے بلوچستان کے طلبا کی ذہانت کی تعریف بھی کی۔