وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بھارت کو مزید رعایت نہیں دیں گے، کشمیر میں بھارتی جارحیت کی وجہ سے بھارتی صدر رام ناتھ کو پاکستانی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

وزیر ہوابازی بھارتی اخبار کو انٹرویو دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تمام متعلقہ اتھارٹیز سے بات کرنے کے بعد بھارتی صدر کے لئے پاکستانی فضائی حدود بند کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مودی کا رویہ قابل نفرت ہے، بھارت ابھی بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس وقت صرف وی وی آئی پیز کے لئے فضائی حدود بند کی ہیں لیکن اسکے علاوہ بھارتی ائرلائنز کے لئے فضائی حدود کی بندش پر بھی غور کر رہے ہیں۔

وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ہم نے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے،کرفیو کے ذریعے کشمیریوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے روکا گیا ہے جسے ہم اب مزید برداشت نہیں کر سکتے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت فضائی حدود کو کھولا، مگر بھارت نے اس کو ہماری کمزوری سمجھ لیا، بھارتی رویہ اب ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ بھی بھارت کو مزید رعایت دینے کے لئے راضی نہیں ہے