احتساب عدالت نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب عباسی، سابق سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے یکم اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سرکاری ایئر لائن پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت کی ۔

سابق وزیراعظم کے سابق مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب عباسی، سابق سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الہی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

مہتاب عباسی پر مشرف رسول کو پی آئی اے کا غیر قانونی سی ای او تعینات کرنے کا بھی الزام ہے۔ عدالت نے ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے یکم اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔