کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں 7 محرم الحرام کے جلوس کا عَلم بجلی کے تاروں میں ٹکراگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد میں واقع امام بارگاہ کے قریب 7 محرم الحرام کے جلوس کیلئے ’علم‘ تیار کیا جارہا تھا کہ اس دوران علم بجلی کی تاروں سے ٹکراگیا جسکے نتیجے میں 4 افراد کرنٹ سے جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ریسکیو اداروں اور مقامی پولیس نے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے بھٹائی آباد میں پیش آنے والے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ علم کے بجلی کے تاروں سے ٹکرانے کے سبب حادثہ پیش آیا، شہری جلوس کے دوران خصوصی احتیاط برتیں، بجلی کے تار قواعد و ضوابط کےمطابق نصب کئے جاتے ہیں۔