وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ  بھارت کوبتاناچاہتے ہیں ہمیں تکلیف پہنچائی تمہیں بھی پہنچائیں گے، ہم پاکستان کے ایک ایک انچ کا  تحفظ کرناجانتے ہیں، بھارت یاد رکھے باز نہ آیا تو لال قلعہ پر پرچم لہرائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی اجلاس میں بھارتی جارحیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہمیں مودی کے بیانات اور بھارت کے سیاسی رہنماؤں کی تقریروں کا اس ایوان میں حوالہ دینا ہوگا، ہم مقبوضہ کشمیر میں مظالم سہنے والے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، ہم پاکستان کے ایک ایک انچ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، آپس میں اختلافات ہوسکتے ہیں مگرملک کیلئے سب ایک ہیں۔

مراد سعید کا کہنا تھا اب مودی کو بھارت میں اپنا انجام نظر آرہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے شہید ہونے والے پاکستانی پرچم میں دفن ہوتے ہیں، مودی کا اپنے جنون میں ہر منظر الٹا ہی نظر آرہاہے۔