سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم کی حالت تشویش ناک ہے، ایسے حالات میں مجھے ان کے پاس رہنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وہ ہیتھرو ایئر پورٹ سے سیدھے اسپتال پہنچے تھے۔

نواز شریف نے کہا مجھے معلوم نہیں تھا کہ کلثوم نواز کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے اور حالت تشویش ناک ہے، حسن نے فون کر کے ائیرپورٹ سے سیدھا اسپتال آنے کا کہا تھا۔

انھوں نے کہا جب میں یہاں آیا تو معلوم ہوا بیگم کلثوم اسپتال کے آئی سی یو میں ہیں اور بے ہوش ہیں، آج ان کا سی ٹی اسکین بھی ہوا ہے، وہ تاحال آئی سی یو میں ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب سے وہ اسپتال آئے ہیں بیگم کلثوم ہوش میں نہیں آئیں، آئی سی یو ہی میں کچھ دیر کے لیے دیکھ لیتا ہوں، انھوں نے قوم سے درخواست کی کہ وہ کلثوم نواز کے لیے دعا کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو صحت یابی عطا فرمائے، میں دعاؤں میں یاد رکھنے پر پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں، اللہ تعالیٰ دنیا بھر کے تمام بیماروں کو شفا عطا فرمائے۔