لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب کے لیے ڈرافٹنگ چوبیس جنوری کو ہوگی۔

 پی ایس ایل فور کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب کے لیے ڈرافٹنگ چوبیس جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔

ڈرافٹنگ میں سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کے متبادل کا بھی انتخاب کیا جائے گا، تمام فرنچائز اپنے اکیسویں کھلاڑی کا انتخاب بھی کریں گی۔

پی ایس ایل انتظامیہ نے تمام فرنچائزز کو اکیسواں کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔

پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔