جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا ایئر یونیورسٹی کا دورہ، پاکستانی عوام کے خلوص سے بے حد متاثر ہوں، جرمن سفیر کا طلباء و طالبات سے تبادلہ خیال، ایئر یونیورسٹی کے منفرد فن تعمیر کی تعریف

اسلام آباد (29جنوری 2019ء): جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پاکستان کیلئے اعلیٰ کلمات اداکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ پاکستان کے عوام کے خلوص سے بے حد متاثر ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ائیریونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا جہاں ان کا خیر مقدم وائس چانسلر، ڈائریکٹرز ، فکلٹی اساتذہ اور طلباء طالبات کی کثیر تعدادنے کیا ۔ جرمن سفیر نے ائیر یونیورسٹی کے منفرد فنِ تعمیر کو سراہتے ہوئے اسے ایک جدید ماڈرن ، فرینڈلی اورگرین یونیورسٹی قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جرمن یونیورسٹیوں کے دروازے پاکستانی طلباء طالبات کے لیئے ہمیشہ کھلے رہیں گے، جرمن سفیر نے تلقین کی کہ ویزے کے حصول کیلئے مطلوبہ دستاویزات سفارتخانے میں بروقت جمع کرائی جانا اشدضروری ہے بصورت دیگر چھ ہفتوں سے زائد کا وقت درکار ہو سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اظہار افسوس کیا کہ ایک ایسا ملک جوجدیدہتھیار تو بنا سکتا ہے لیکن اعلیٰ معیار کی بائسکل دنیا میں ایکسپورٹ کرنے کے قابل کیوں نہیں ہے،انہوں نے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جرمنی کی جانب سے بھر پور تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے طلباء و طالبات کے سوالات و جوابات کے سیشن میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص یوتھ ڈویلپینٹ ، ایجوکیشن ، انرجی اور اکانومی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈمک ایکسچینج محترمہ انج اقبال نے بھی شرکاء کوباہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بریفنگ دی۔