صدر مملکت کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے منصفانہ نصب العین کیلئے پاکستان اپنی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا



صدرِ پاکستان ممنون حسین نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں بھارت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے کیونکہ پورے خطے کا امن اور خوشحالی کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل سے وابستہ ہے

اس سے قبل یوم سیاہ کشمیر پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیریوں کی قربانیوں اور  جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو حق نہیں دے رہا۔ کشمیر میں  انسانیت سوز مظالم کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ بھارتی جبرو استبداد کشمیریوں کو ان کے جذبہ  آزادی سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا۔ متعدد بھارتی رہنماؤں کے وعدوں کے برعکس بھارت کشمیریوں  کو حق نہیں دے رہا۔

آج مقبوضہ وادی پر بھارتی قبضے کو ستر سال مکمل ہو گئے، جس کے خلاف دنیا بھر کے کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ ستائیس اکتوبر انیس سو سینتالیس کو مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فوج پہلی بار وادی میں داخل ہوئی تھی