الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کی جانب سے دئیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم منصب پر فائز شخصیت کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے۔

 

تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے وزیراعظم کے الیکشن خلائی مخلوق کے کرانے سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئینِ پاکستان کےالیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے،اہم منصب پرفائزشخصیات کو ایسے بیانات سےگریز کرنا چاہیئے، کیونکہ ایسے بیانات آئین کے منافی اور آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں

گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے ارکان کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ نگران وزیرِاعظم اتنا اہم عہدہ نہیں، جتنا ہم نے بنا دیا ہے۔ نگران وزیرِاعظم کے نام پر اپوزیشن سے اتفاق کرلیں گے۔ قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ جو بھی نام دیں گے ہمیں قبول ہوگا

بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتخابات نگران حکومت نہیں خلائی مخلوق کرایے گی لیکن ہم پھر بھی حصہ لیں گے، امید ہے انتخابات شفاف ہوں گے