پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف پریس کانفرنس کر کے قوم سے معافی مانگیں۔ نواز شریف معافی نہیں مانگتے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ میرے بیان میں کیا غلط ہے۔ ہم پوچھنا چاہتے ہیں اس بیان کی ضرورت کیا تھی، ’خصوصی جہاز بھیج کر سرل کو ملتان بلانے کی ضرورت کیا تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیان سے پاکستان اور بھارت میں کھلبلی مچ گئی۔ ان کے بیان پر نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلانا پڑا۔ ’آج نواز شریف نے سیکیورٹی کمیٹی کے بیانیہ کو مسترد کر دیا۔ مریم اور نواز شریف کے انداز بیاں سے لگتا ہے یہ جان بوجھ کر کیا گیا‘۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی ساتھ نہیں دے رہیں۔ اس بیان سے ہم گرے سے بلیک لسٹ کی طرف جا رہے ہیں۔ ’وزیر اعظم ایوان کو اعتماد میں لیں، کیا ہم بیرونی دنیا کے آلہ کار بن رہے ہیں‘