ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے نواز شریف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں دائر کردیں۔

فیصل آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف درخواست تحریک انصاف کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری فرخ حبیب کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ممبئی حملہ سے متعلق پاکستان کےخلاف بیان جھوٹ پر مبنی ہے ، جس  سےکروڑوں پاکستانیوں کےجذبات مجروح ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ نوازشریف نے اپنے حلف اور ملک سے غداری کی ۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ قائد ن لیگ کیخلاف آئین سے غداری اور ملکی سالمیت سے کھیلنے پر قانون کے مطابق مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔

نوازشریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دوسری درخواست لاہورہائی کورٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے دائر کی ۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ نوازشریف کا بیان غداری کے مترادف ہے۔ اس لئے عدالت ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے