علی جہانگیرصدیقی آئندہ ماہ امریکہ میں پاکستان کےسفیرکی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، حکومت پاکستان نے امریکہ میں موجودہ پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد علی جہانگیرصدیقی کو سفیر تعینات کیا۔

 امریکا میں پاکستان کے موجودہ سفیراعزاز چوہدری انتیس مئی کو اپنےعہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں، جس کے بعد ان کی جگہ علی جہانگیر صدیقی جون کے پہلے ہفتے میں بطورسفیرذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

علی جہانگیر صدیقی کی امریکی محکمہ خارجہ نےبطور سفیر تعیناتی کی منظوری دی، جس کے بعد ان کا ایگریما واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو موصول ہوگیا۔

یاد رہے 8 مارچ کو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی کو واشنگٹن میں سفیرتعینات کرنے کی منظوری دی تھی، اعزاز چوہدری 14ماہ تک امریکامیں پاکستانی سفیر رہے۔

جس کے بعد سفارتی حلقوں کی جانب سےعلی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو میرٹ کیخلاف قراردیتے ہوئے کہا گیا تھا وہ مطلوبہ تعلیم اور سفارتی تجربہ نہیں رکھتے۔

جبکہ علی جہانگیر صدیقی کیخلا ف کرپشن کے الزامات کے تحت نیب میں انکوائری جاری ہے۔علی جہانگیر صدیقی پر چالیس ارب روپے کرپشن کا الزام ہے، ذرائع کے مطابق ان کی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں کرپشن میں ملوث پائی گئی ہیں۔ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کے سلسلے میں انکوائری ہورہی ہے۔