قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کو حراست میں لے لیا ہے، ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے سینئر وزیر بلدیات اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ علیم خان کو آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب آفس میں پیشی کے موقع پرعلیم خان سے مختلف سوالات کیے گئے جبکہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد انہیں حراست میں لے لیا۔ان کی گرفتاری سے متعلق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے،باقاعدہ گرفتاری کرکے انہیں حوالات منتقل کردیا گیا ہے، انہیں گھر سے ضروری سامان منگوانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

حراست میں لیے گئے صوبائی وزیر کو کل لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

گرفتاری کے بعد علیم خان نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوادیا ہے۔