لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواستوں پرسماعت 4 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت میں سماعت کے دوران آئی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے بتایا کہ تمام اصل ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے پولیس افسران کوٹرانسفرکردیا گیا۔

آئی جی پنجاب پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جےآئی ٹی معاملےکی تحقیقات کررہی ہے، تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کردیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جے آئی ٹی تمام فریقین کو سن کرفیصلہ کرے، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 4 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پرجوڈیشل انکوائری کی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کو طلب کیا تھا۔