اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم انسانی حقوق اور آزاد نقل و حرکت کے تصور کو نہیں جانتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں صرف اپوزیشن اراکین کے نام آنا مضحکہ خیز ہے جب کہ حکومتی اراکین سفر کرنے میں مصروف ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ ابتدائی 6 ماہ کے دوران کوئی بیرون ملک دورہ نہیں کریں گے اور اب تک 7 سے زائد دورے کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بعض اراکین اسمبلی ای سی ایل سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں اور وہ بیرون ملک جانے کے خواہشمند کیوں ہیں، پاکستان میں سیاستدانوں کے کرنے کے لیے بہت کام ہیں جس سے وہ محبت کے دعوے کرتے ہیں، مگر یہ لوگ بیرون ملک دوروں پر جانے کے لیے بے صبرے رہتے ہیں