انتظامیہ کی غفلت اور آگاہی سے متعلق پیشگی اقدامات نہ کرنے کے باعث راولپنڈی شہر میں ڈینگی کا مرض قابو سے باہر ہو گیا ہے۔ شہر کے تینوں بڑے ہسپتالوں بینظیر بھٹو ہسپتال، ہولی فیملی اور ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی ہے۔

ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور انکے لواحقین نے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کےد وران تقریباَ 50 مزید مریض ہسپتال میں لائے گئے ہیں جس وجہ سے ہسپتالوں میں مختص وارڈز میں گنجائش کم پڑنے لگی ہے۔

راولپنڈی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے مختص وارڈ

راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں حالت ایسی ہے کہ اے سی اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق اسلام آباد کے 111 جبکہ راولپنڈی کے 179 شہریوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہو چکی ہے۔ دوسری جانب اب تک ساڑھے چار سو مریضوں کو علاج کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج بھی کیا جا چکا ہے۔