شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر حملہ کردیا اور فائرنگ کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔

___________________________________________________________________

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 21 سال کے سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بوریوالہ ضلع وہاڑی سے ہے اور انہوں نے حال ہی میں پی ایم  اے کورس پاس کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 21 سالہ دوسرے جوان سپاہی بشارت کا تعلق گلگت کے گاؤں دینور سے ہے۔

آرمی چیف کا شہدا کو سلام

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ  آزادی مفت میں نہیں ملتی، اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں، آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر آرمی چیف نے شہدا کو سلام پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بذریعہ ٹوئٹ آرمی چیف کا بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں۔

 

__________________________________________________________________

Reporters Diary