بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں پر لگی پابندیوں کے خلاف درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے۔

فائل فوٹو: سپریم کورٹ آف انڈیا

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق 14 درخواستیں بھارتی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں جن کی سماعت کی گئی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت کو 2 نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت 5 رکنی بینچ اکتوبر میں کرے گا۔

اسکے علاوہ بھارتی سپریم کورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں حکومت کی جانب سے میڈیا پر لگائی گئی پابندیوں کے خلاف درخواست بھی سنی گئی۔ درخواست گزار ارونادا بھاسن کی جانب سے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 24 روز ہو گئے ہیں اور وادی میں صحافیوں پر پابندیاں عائد ہیں۔

چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رانجن گوگوئی نے کہا کہ ہم حکومت کو نوٹس جاری کر رہے ہیں، حکومت اس معاملے پر 7 روز میں جواب دے۔