اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت سے لاپتہ وکیل کی بازیابی کی درخواست پر وزارت دفاع سے جواب طلب کرلیا۔ ہائی کورٹ نے دو ہفتوں میں پولیس کو تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

فائل فوٹو: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملتان ہائی کورٹ بار کے سابق نائب صدر یافیز نوید ہاشمی کی گمشدگی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ ہائی کورٹ نے دو ہفتوں میں پولیس کو تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس میں وزارت دفاع اور ایف آئی اے کو فریق بنانے کی استدعا منظور کرلی۔

فائل فوٹو: یافیز ندیم ہاشمی

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیسے ہو سکتا ہے کوئی اسلام آباد سے گم ہو جائے، ہم نے لاپتہ افراد کیس میں کچھ ہدایات دیں اسلام آباد پولیس ان کو مدنظر رکھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے دوران فرقہ وارانہ پہلو کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ گمشدگی کے دوران وکیل یافیز نوید ہاشمی کی جان کو خطرات ہو سکتے ہیں۔ 

عدالت نے وزارت دفاع اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔